ادارہ شماریات نے ملک کے مختلف بڑے شہروں میں آٹے کی قیمتوں کی سرکاری تفصیلات جاری کردیں، جبکہ کراچی نے آٹے کی قیمتوں میں سب کو پیچھےچھوڑ دیا ہے۔
کراچی میں آٹے کے 20 کلو تھیلےکی قیمت 1360 روپےتک پہنچ گئی، ملک کے بڑے شہروں میں کراچی میں آٹےکی قیمت سب سے زیادہ ہے۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتےمیں کراچی میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 120 روپے تک مہنگا ہوا، گزشتہ تین ہفتوں میں کراچی میں آٹے کا تھیلا 160 روپے تک مہنگا ہوا، 2 جولائی کو کراچی میں آٹے کے تھیلےکی قیمت 1200 روپے تھی۔
16 جولائی کو کراچی میں آٹے کے تھیلےکی قیمت 1240 روپے ہوگئی، جبکہ 23 جولائی کو آٹے کے تھیلےکی قیمت 1360 روپے پر پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں آٹے کا تھیلا اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان سمیت دیگر شہروں کی نسبت 460 روپے سے 500 روپے تک مہنگا ہے، اس وقت پشاور میں آٹے کے 20 کلو تھیلےکی قیمت 1280 روپے ہے، جبکہ حیدر آباد میں آٹے کے 20 کلو تھیلےکی قیمت 1260روپے ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنوں میں 1200 روپے، کوئٹہ میں آٹے کے تھیلےکی قیمت 1160 روپے تک ہے، خضدار میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت ایک ہزار روپے تک ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سکھر، لاڑکانہ میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1140 روپے تک ہے، اسلام آباد، راولپنڈی میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 900 روپے تک ہے۔
رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد میں آٹے کےتھیلے کی قیمت 860 روپےتک ہے، ملتان، بہاولپور میں بھی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 860 روپے تک ہے، جبکہ سرگودھا میں بھی آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 860 روپے تک ہے۔