امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیر کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی، 5 اگست کو گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائےگا۔
سراج الحق نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ فی کلو آٹے کی قیمت میں 25 سے 30 روپے اضافہ ہوا، عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہوا، بیرون ملک پانی کی طرح تیل مل رہا تھا، تیل سستا ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرول نہیں مل رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت مافیاز کی حکومت ہے، مافیاز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، حکومت کی دوسالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ اووربلنگ کا مسئلہ ہے، کراچی میں بارش سے نمٹنے کے لیے کوئی مناسب نظام نہیں ہے، 650 ارب میں سے صرف 18 ارب کراچی کے لیے رکھے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں پھر پیٹرول کا بحران شروع ہوگیا، بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل پانی کی طرح بہہ رہا تھا، ہمارے ملک میں عوام کو پیٹرول نہیں ملا، وزیر اعظم نے خود کہا ملک میں مافیا ہے، یہ مافیا الیکشن میں پارٹیوں پر انویسمنٹ کرتی ہے، پھر وہ کماتے ہیں اور حکومت کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت میں کراچی شدید مشکلات سے دوچار رہا ہے، صدر پاکستان کراچی سے رہے ہیں لیکن کام نہیں ہوتا، شہر میں کے الیکٹرک ٹس سے مس نہیں ہوئی، عدالت عالیہ نے کے الیکٹرک لائسنس منسوخ کرنے کا عندیہ دیا۔
سراج الحق نے کہا کہ اتنی بارش نہیں ہوئی لیکن کراچی ڈوب جاتا ہے، کراچی کے لئے صوبائی اور وفاقی بجٹ میں رقم برائے نام رکھا ہے، کراچی کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے یہ شہر کیسے ترقی کرے گا، یہ لوگ اسٹیل مل کے ملازمین کو برطرف کررہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ سینیٹ میں کہا ہے ہمیں اسٹیل مل کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان نے کہا تھا اسٹیل مل کو چلا کر دیکھائیں گے، لیکن پچھلی حکومتوں کی طرح یہ حکومت بھی کچھ نہیں کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار دینے کا کہا تھا، اس حکومت میں بڑی تعداد میں نوجوان بے روزگار ہوگئے، ملک میں بےروزگاری سےخودکشی کا رحجان بڑھ رہا ہے، موجودہ حکومت کے آنے کے بعد تمام ادارے برباد ہوگئے ہیں، ایتھوپیا جیسے چھوٹے ملک نے بھی پی آئی اے پر پابندی لگادی، ریلوے کو تباہ کیا، مسلسل حادثات ہورہے ہیں، اگر کوئی حادثہ ہوتا تھا تو عمران خان استعفی کا مطالبہ کرتے تھے.
سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نیب کے نظام کو تباہ کردیا ہے، کوئی بڑی رقم ریکور نہیں کی، اب عوام بھی نیب کے احتساب کا مطالبہ کررہی ہے، منہگائی اور بےروزگاری سے عام انسانوں کا جینا دوبھر ہوگیا، اپوزیشن کو ان دو سالوں میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تھا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ان دو سالوں میں قوم کی صحیح نمائندگی نہ کرسکی، حالات کا تقاضہ ہے کہ اچھی جمہوریت کے لئے اپوزیشن کردار ادا کرے، قانون کی حکمرانی کے لئے اپوزیشن کردار ادا کرے۔
سراج الحق نے کہا کہ شفاف انتخابات ہی واحد راستہ ہے، قوم چاہتی ہے کہ عدلیہ غیر جانبدار ہو، قوم غیر جانب دار عدلیہ اور الیکشن کمیشن کا مطالبہ کرتی ہے، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے یہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر صرف تقریروں سے آزاد نہیں ہوگا، 4 اگست کو ہم اسلام آباد میں ایک قومی مشاورت کا اجلاس بلارہے ہیں، اگر حکومت نے کردار ادا نہ کیا تو عوام کے ہاتھ حکومت کی گردن پر ہوں گے۔