• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی واقعہ: 4 افراد زیرحراست، مرکزی ملزمان تاحال مفرور


راولپنڈی میں مکان کی تعمیر کا تنازع 10 افراد کی جان لے گیا، 4 دن پہلے ایک خاتون کے قتل کے بعد گھر میں گھس کر ایک ہی خاندان کے 9 افراد کو قتل کردیا گیا۔

پولیس نے اس کیس میں چار افراد کو حراست میں لیا ہے تاہم مرکزی ملزمان رب نواز اور اس کا بیٹا دانش ابھی تک مفرور ہیں، پولیس مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

لواحقین نے 9 افراد کی میتیں آبائی علاقے میال پہنچادی ہیں، دوسری طرف سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، واقعے کو پچھلے واقعات سے نہ جوڑا جائے۔

لواحقین نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کردیا، ورثا کا کہنا ہے کہ مخالفین نے اپنے خاندان کی خاتون کا خود قتل کیا اور ہم پر الزام لگایا۔

ورثا کے مطابق مخالفین نے کرائے کے قاتل اور اشتہاری ملزمان سے قتل کرائے، ان کے 3،3 سال کے بچوں تک کو نہ چھوڑا۔


دوسری جانب عینی شاہد سات سال کی مریم نے اپنی ماں سمیت 9 افراد کے قتل کی لرزہ خیز داستان سنادی، بچی کا کہنا ہے کہ ملزمان دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے، فائرنگ کرکے اُس کی والدہ اور دیگر افراد کو قتل کیا۔

بچی کا کہنا ہے کہ اس نے چارپائی کے نیچے چھپ کر اپنی جان بچائی، سفاک قاتلوں نے کمسن بچوں پر بھی رحم نہ کھایا۔

مریم کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کے وقت گھر میں کوئی مرد موجود نہیں تھا، ملزمان کے فرار ہونے کے بعد علاقے کے لوگ وہاں پہنچے۔

تازہ ترین