• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

(سوال)میرے شوہر بہت بدزبان ہیں جس کی وجہ سے گھر اکثر میدان جنگ بنا رہتا ہے کئی دفعہ میں نے اُنہیں ڈوئی سے بھی پیٹا ہے لیکن وہ باز نہیں آتے براہ کرم کوئی حل بتائیں(جواب)برتن تبدیل کرکے دیکھیں۔( سوال) ایک لڑکا مجھے ِان باکس میں بار بار محبت بھرے میسج بھیجتا ہے میں کئی دفعہ اسے سمجھا چکی ہوں کہ باز آجائے لیکن وہ باز نہیں آتا پلیز کوئی حل بتائیں۔(جواب) آپ اسے سمجھانے سے باز آجائیں وہ بھی باز آجائے گا ویسے فیس بک میں ایک آپشن بلاک کا بھی ہوتا ہے۔ (سوال)میری تعلیم میٹرک ہے کیا میں کسی یونیورسٹی میں پروفیسر لگ سکتا ہوں؟(جواب) ناممکن ہے البتہ آپ وزیر تعلیم کی پوسٹ کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔(سوال)میں جونہی سونے کے لیے لیٹتا ہوں مجھے ایسا لگتا ہے کہ کوئی میراگلا دبا رہا ہے۔ (جواب)آپ کھڑے ہوکر سویا کریں۔ (سوال) میرے شوہر نے پتا نہیں اپنا فون کون سی انگلی سے لاک کیا ہوا ہے میں اُن کے سوتے ہوئے ساری انگلیاں لگا کر چیک کرچکی ہوںلیکن فون نہیں کھلتا کوئی طریقہ بتائیے۔(جواب)اپنے فنگر پرنٹ بھی ٹرائی کرکے دیکھئے۔(سوال)میری بیوی ہر وقت مجھ پر نظر رکھتی ہے کیا کروں؟(جواب)آپ کیا چاہتے ہیں کہ وہ کسی اور پر نظر رکھے؟(سوال)میں زندگی سے عاجز آچکا ہوں تین چار دفعہ خود کشی کی کوشش کر چکا ہوں لیکن ناکامی ہوتی ہے۔ (جواب) ماسک کے بغیر گھوما کریں اور ہر بندے کو جھپیاں ڈالیں۔(سوال)میرا بیٹا سگریٹ نہیں چھوڑ رہا کیا کروں؟(جواب)محلے کی کسی عفیفہ سے فون کروائیں دوبارہ سگریٹ کو ہاتھ نہیں لگائے گا۔ (سوال)میں جب بھی استخارہ کرتا ہوں سرخ یا سبز کی بجائے سفیدرنگ نظر آتا ہے اس کا کیا مطلب ہے؟ (جواب) موتیا چیک کرائیں۔(سوال)میں آلو کے چپس کو ’فرنچائز‘ کہتا ہوں تو میری سالے ہنستے ہیں آخر کیوں؟ (جواب)سالے جو ہوئے، آپ کسی دن اُنہیں کسی موبائل کی ’فرنچ فرائز‘ پر لے جائیں اور کھری کھری سنائیں۔(سوال)بل گیٹس آخر کورونا پھیلا کر کیا کرنا چاہتا ہے؟ (جواب) ایک نمبر طریقے سے پیسا کما کر خیرات کرچکا ہے لہٰذا اب دو نمبر طریقے سے دولت کے انبار لگانا چاہتاہے۔(سوال)میں پانچ سال سے اولاد کے لیے ترس رہا ہوں مجھے کیا کرنا چاہیے؟ (جواب) معجزے کا انتظار کرنے کی بجائے شادی کریں ان شاء اللہ من کی مراد پوری ہوگی۔ (سوال) کیا کورونا منہ ، ناک اور آنکھ کے علاوہ بھی جسم میں داخل ہوکر اپنا اثر دکھا سکتا ہے؟(جواب) یہ تو آپ کے پھیپھڑوں کے محل وقوع پر منحصر ہے۔ (سوال) میں چاہتا ہوں میری منگیتر میری یاد میں تڑپے۔ (جواب)اُس کا موبائل چھین کر دوڑ جائیں۔ (سوال)مجھے میڈیکل میں داخلہ نہیں مل رہا کیاکروں؟ ۔( جواب)دل لگا کر پڑھیں اورپہلے میٹرک کلیئر کریں۔(سوال) مجھے اپنے والدین برے کیوں لگنے لگے ہیں؟(جواب)گھبرانے کی ضرورت نہیں ابتدائے عشق میں ایسا ہی ہوتا ہے۔ (سوال)کیا ایسا ہوسکتا ہے کہ اِس بڑی عید پر میرے پاس بڑی سی گاڑی ہو ساتھ ایک خوبصورت لڑکی بیٹھی ہو اور ہم لانگ ڈرائیو پر جارہے ہوں؟ (جواب) تو پھر سِریاں کون بھونے گا؟ (سوال) میں بہت بے سُرا ہوں لیکن گانے کا بھی شوق ہے کوئی حل بتائیں۔ (جواب) منہ بند کرکے گایا کریں۔ (سوال)اگر کوئی بیوی اپنے شوہر سے آٹا گندھوائے تو شوہر کو کیا کرنا چاہیے؟(جواب)شٹ اپ۔ (سوال) سسرال والے میری عزت نہیں کرتے۔( جواب)پتا ہے۔ (سوال)میرے یوٹیوب چینل کے ایک ہزار سبسکرائبر پورے نہیں ہورہے کیا کروں؟(جواب) یہی مسئلہ ایک بڑے سے چارٹ پر لکھ کر گلے میں لٹکائیں، پھر ایک ٹانگ پر پٹی باندھیں اور اشارے پر رکنے والی گاڑیوں کے شیشے کھٹکھٹایا کریں۔ (سوال)میں عرصہ دو سال سے روزنامہ ’لچ فرائی‘میں کالم لکھ رہا ہوں اب روزنامہ ’لاکڑا کاکڑا‘ کی طرف سے دو ہزار روپے فی کالم کی آفر ہے، قبول کر لوں؟ (جواب) دو ہزاربہت زیادہ ہیں آپ اُن سے کہیں کچھ ڈسکائونٹ کریں۔ (سوال)مجھے کیوں لگتا ہے کہ میرے پیچھے ایجنسیوں والے پڑے ہوئے ہیں؟ (جواب) یاد کریں کہ آپ نے کسی سیمنٹ ایجنسی یاایڈورٹائزنگ ایجنسی کے پیسے تو نہیں دینے؟ (سوال) اکثرلڑکیاں اتنی بدتمیز کیوں ہوتی ہیں؟ (جواب) دل پہ نہ لیں گال دودن میں ٹھیک ہوجائے گا۔(سوال)سچی محبت کی کیا نشانی ہے؟(جواب) وہ وٹس ایپ کا ،لاسٹ سین آپشن Disable نہیں کرتی۔(سوال)میں لوگوں کو زندگی بہتر بنانے کے طریقے سکھانا چاہتا ہوں کیا کسی ٹی وی چینل میں پروگرام مل سکتا ہے؟ (جواب) پروگرام تو شاید مل جائے لیکن پہلے آپ کو جیل انتظامیہ سے اجازت لینا ہوگی۔(سوال) میرے پاس پندرہ ہزار روپے ہیں میں کوئی شاندار بزنس کرنا چاہتا ہوں مشورہ دیں۔(جواب) آجکل پرائیویٹ ایئرلائنز کا بزنس بہت اچھا جارہا ہے۔ (سوال)میرا ہمسایہ روز دفتر جانے سے پہلے اپنی بیوی کو پھول پیش کرتا ہے میں بھی ایسا کرنا چاہتا ہوں کیا یہ ٹھیک رہے گا؟ (جواب) بالکل نہیں وہ شور بھی مچا سکتی ہے۔ (سوال)میں ایک صحافی ہوں اور ڈرتا ہوں کہ کہیں کسی دن مجھے کوئی اٹھا کر نہ لے جائے کوئی حفاظتی تدبیر بتائیں(جواب) آپ اپنے گھرکے سامنے والے گھر پر سی سی ٹی وی کیمرہ لگائیں تاکہ آپ کا گھر نظر آتا رہے۔ (سوال)میں مڈل کلاس بندہ ہوں چھوٹی سی گاڑی رکھی ہوئی ہے کیا مجھے کوئی ایسا ڈرائیور مل سکتا ہے جو تنخواہ بھی نہ لے ، کھانا بھی نہ مانگے اور چوبیس گھنٹے موجود رہے؟ (جواب) نو پرابلم، آپ سکرو ڈرائیور رکھ لیں۔ (سوال)میں منٹوں میں اپنا رنگ چٹا سفید کرنا چاہتی ہوں لیکن ہر شاپ سے دونمبر وائٹننگ کریم ملتی ہے آپ کسی اچھی سی شاپ کا بتائیں (جواب) آپ فوٹو شاپ ٹرائی کریں۔

تازہ ترین