• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک جوان شہید، 3 زخمی

بلوچستان، سیکورٹی فورسز پر دہشتگردوں کا حملہ، جوان شہید


کوئٹہ ( نمائندہ جنگ) تربت کے علاقے کیچ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے ، سیکورٹی فورسز کی جانب سے بلیدہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کےدوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر ہلاک ہو گیافورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا۔ 

سیکورٹی ذرائع کے مطابق تربت سے 35کلو میٹر دور سیکورٹی فورسز کے اہلکار دو گاڑیوں میں معمول کا گشت کر رہے تھے کہ پہاڑ وں پر موجود دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں سے گاڑیوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار لانس نائیک جاوید کریم موقع پر ہی شہید جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ 

جوانوں نے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی جس پر دہشت گرد پہاڑی علاقے میں فرار ہو گئے اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو ہسپتال پہنچایا اور پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جو رات گئے تک جاری تھا ۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خفیہ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے تربت کے علاقے بلیدہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا تو وہاں موجود دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی تاہم سیکورٹی فورسز نے کالعد م تنظیم کا اہم کمانڈر قذافی ولد احمد جان مار اگیا جبکہ دیگر دہشت گرد پہاڑی علاقے میں فرار ہو گئے۔ 

سیکورٹی فورسز نے ایک کلاشنکوف ،چار میگزین،واکی ٹاکی سیٹ،موبائل فون اورہینڈ گرنیڈ بر بھاری مقدار میں اسلحہ بارود،چار موٹر سائیکل قبضے میں لے لی آپریشن رات گئے تک جاری تھا ۔

دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان نے ضلع کیچ تربت میں ایف سی اہلکاروں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایک سیکورٹی اہلکار کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے بہادر سیکورٹی فورسز وطن کا دفاع اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا جانتی ہیں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ 

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز ملک کے دفاع میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں ہم سب کو ان پر فخر ہے ہم شہید ہونے والے اہلکار کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

تازہ ترین