اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) اہم تجارتی راہداری کی حیثیت سے پاکستان نے ایک اورسنگ میل عبور کرلیا ہے، گوادر سے افغانستان کیلئے تجارتی نقل وحمل کا آغازہوگیا، پاکستان میں سیروسیاحت کیلئے ویزا پالیسی پر کام جاری ،سفری پابندیوں ،ایس اوپیزپر نظر ثانی کی جارہی ہے۔
افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے سوشل میڈیا پراہم ترین پیشرفت پر اپنے پیغام میں کہا کہ گوادر سے افغانستان کیلئے بلک کارگو کی پہلی کھیپ کی نقل و حمل کااتوار سے آغاز ہوا ہے اور آنیوالے دنوں میں مزید تجارتی کھیپ روانگی کیلئے تیار ہے، ہم نے ایک ٹرانزٹ ملک کی حیثیت سے اپنے قدم جماتے ہوئے اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔
محمدصادق نے سوشل میڈیا پر افغان باشندوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں معمول کے سفر کے آغاز کیلئے بہت جلد اقدامات کئے جائینگے،کورونا وباء کی وجہ سے سفری پابندیوں اور ایس او پیز پر نظر ثانی کی جارہی ہے، دوسرے ممالک کیساتھ ساتھ پاکستان اور افغانستان کے سفر کو بھی آسان بنانے کیلئے نئی تیز ترین ویزا پالیسی پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔