اسلام آباد چڑیا گھر کے ریچھوں کی عدم منتقلی کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلکسر وائلڈ لائف سینکچوری انتظامیہ سے بدھ تک جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے احکامات جاری کئے ہیں کہ وائلڈ لائف بورڈ اور ایم سی آئی ریچھوں کے میڈیکل اسٹیٹس کا خیال رکھیں، ایم سی آئی، سی ڈی اے، وائلڈ لائف بورڈ آئندہ سماعت تک ریچھوں کی دیکھ بھال کریں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو ریچھوں کی عدم منتقلی کی متفرق درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد اطہر من اللہ نے کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بلکسر سینکچوری انتظامیہ نے 2 ریچھ رکھنے سے انکار کیا ہے، ایک ریچھ بیمار دوسرا تندرست ہے
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ عدالت فیصلہ دے چکی، اب تو اس پر اس پر عمل درآمد ہونا ہے۔
چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال کیا کہ کون ہے جو عملدرآمد کرنے سے انکاری ہے؟جواب دیتے ہوئے وکیل نے کہا کہ بلکسر انتظامیہ بائیو ریسورس ریسرچ سینٹر پاکستان ہے جو انکاری ہے۔
اس پر چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ جانوروں کا خیال رکھتے تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت بدھ تک ملتوی کردی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ ماہ اسلام آباد چڑیا گھر سے جانوروں کی منتقلی کا فیصلہ دیا تھا۔