• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب کے تاجر کسی صورت کاروبار بند نہیں کریں گے، کاشف چوہدری

مرکزی تنظیمِ تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تاجر کسی صورت کاروبار بند نہیں کریں گے، آج ریٹیل مارکیٹیں کھلی رہیں گی۔

لاہور سے جاری کیے گئے ایک بیان میں مرکزی تنظیمِ تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے یہ بات کہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے زبردستی مارکیٹیں، بازار اور دکانیں بند کروانے کی کوشش کی تو مزاحمت کریں گے۔

صدر مرکزی تنظیمِ تاجران پاکستان کاشف چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں تاجروں کے لیے دکانیں بند کرنا ممکن نہیں ہے۔

ادھر فیصل آباد میں تاجروں نے حکومتی لاک ڈاؤن کا فیصلہ مسترد کر دیا، بازار کھلنے لگے، گھنٹہ گھر کے گرد بازار کھلنا شروع ہو گئے، ریل بازار میں کپڑے کی مارکیٹ بھی کھل گئی۔

انجمن تاجران کی جانب سے ریل بازار سے گھنٹہ گھر چوک تک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس میں تاجروں کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پہلے ہی کاروبار کا نقصان کر چکے ہیں۔

گوجرانوالہ میں لاک ڈاؤن کے پہلے روز شہر میں مارکیٹیں اور بازار بند ہیں، سیٹلائٹ ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور پیپلز کالونی میں بھی دکانیں بند ہیں۔

اندرونِ شہر بازار میں بعض تاجروں نے صبح سویرے دکانیں کھول لیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

پنجاب میں مارکیٹیں5 اگست تک بند رہیں گی، فیاض الحسن چوہان

دوسری جانب وزیر آباد، کامونکی اور نوشہرہ ورکاں میں بھی دکانیں بند ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب 12 بجے پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے سلسلے میں سخت لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاک ڈاؤن کے دوران پنجاب بھر کی مارکیٹیں 5 اگست تک بند رہیں گی جب کہ عید الفطر والی ایس او پیز کا نفاذ بھی عیدالاضحیٰ پر ہو گا۔

تازہ ترین