کراچی (اسٹاف رپورٹر)پہلی عید اسپیشل ٹرین کینٹ اسٹیشن سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستان ریلوے نے کراچی سے اندرون ملک جانے والے مسافروں کے لیے 4خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا، جن میں سے پہلی ٹرین منگل کو صبح 11بج کر 45منٹ پر راولپنڈی کے لیے روانہ ہوئی، 14 اکنامی کلاس کی بوگیوں پر مشتمل اس ٹرین میں 1300 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی، مگر کورونا ایس او پی کے سبب صرف 60 فیصد بکنگ کی گئی اور 753 مسافروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایس حمدان نذیر نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید اسپیشل ٹرینیں عوام کی خاص سہولت کے لیے چلائی ہیں، تاہم کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے جس پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔واضح رہے کہ دوسری عید اسپیشل ٹرین بدھ کو صبح 11بج کر 45 منٹ پرسٹی اسٹیشن سے روالپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔