وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان پروگرام تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تانیہ ایدروس نے کہا کہ عوامی مفاد کے خاطرعہدے سے استعفیٰ دیا۔
تانیہ ایدروس نے کہا کہ میں پاکستان میں خدمت کے جذبے سے آئی تھی، میری کنیڈین شہریت کے حوالے سے بہت باتیں کی گئیں، پاکستان کو جب میری ضرورت پڑے گی میں حاضر ہوں۔
اپنے استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا کہ ان کی کینیڈا کی شہریت سے متعلق تنازع پیدا کیا گیا، ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن میں شہریت جیسے تنازعات رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بغیر کسی عہدے کے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے لیے کام جاری رکھوں گی۔
وزیر اعظم عمران خان کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے آپ کی خدمت میرے لیے باعث عزت رہی ہے، مجھ پر آپ کے اعتماد کی بحالی کے لیے میں آپ کی شکر گزار ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ میں صرف ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے مقصد کے ساتھ واپس پاکستان آئی تھی، یہ ایک ایسا تصور ہے کہ جس کا ہمیشہ آپ نے ذکر کیا اور میں نے اسے پھیلایا، میں پاکستانی ہوں اور ہمیشہ رہوں گی۔