بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت خودکشی معاملے میں ممبئی پولیس نے سنجے لیلا بھنسالی اور آدتیہ چوپڑا کے بعد اب مہیش بھٹ کا بھی بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی نے رواں ماہ 6 جولائی کو اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کئی انکشاف کیے تھے اور بتایا تھا کہ وہ اداکار کے ساتھ فلم کرنا چاہتے تھے مگر اداکار نے دوسرے پروڈکشن ہاؤسز سے معاہدے کر رکھے تھے،جس کی وجہ سے وہ انہیں فلم میں نہیں لے سکے۔
دوسری جانب یش راج فلمز کے آدتیہ چوپڑا نے پولیس کو بتایا کہ سنجے لیلا بھنسالی نے یش راج فلمز سے بات نہیں کی تھی کہ وہ سوشانت کو اپنی فلم ’باجی راؤمستانی‘ میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں۔
آدتیہ چوپڑا نے پولیس کو بتایا کہ جب سوشانت یش راج فلمز کے ساتھ کنٹریکٹ میں ہوتے ہوئے ’مہندر سنگھ دھونی‘ کی بایوپک میں کام کرسکتے ہیں تو کیا باجی راؤ مستانی میں نہیں کرسکتے تھے؟
پولیس کا کہنا ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی اور آدتیہ چوپڑا کے بیان میں فرق ہے، تاہم اب ممبئی پولیس نے اس معاملے میں بھارتی فلم ساز مہیش بھٹ کا بھی بیان ریکارڈ کرلیا ہے، وہ پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے آج صبح ساڑھے 11 بجے اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ تھانے پہنچے تھے اور انہوں نے دوپہر تک بیان ریکارڈ کروایا۔
مہیش بھٹ نے اپنے بیان میں پولیس کو بتایا کہ انہوں نے سوشانت سے صرف 2 مرتبہ ملاقات کی تھی، جس میں سے پہلی ملاقات 2018 اور دوسری اور آخری ملاقات فروری 2020 میں ہوئی تھی۔
مہیش بھٹ کے مطابق فروری 2020 میں وہ سوشانت کے فلیٹ پر اُن کی طبیعت معلوم کرنے گئے تھے کیونکہ اداکار کی طبیعت خراب تھی اور اس دوران دونوں کے درمیان مہیش بھٹ کی نئی آنے والی کتاب اور ایک یوٹیوب چینل کھولنے سے متعلق باتیں ہوئیں۔
مہیش بھٹ نے کہا کہ اُن کے اور سوشانت سنگھ راجپوت کے درمیان اس کے علاوہ کسی طرح کی کوئی فلمی بات نہیں ہوئی تھی۔
مہیش بھٹ نے پولیس کے سامنے انکشاف کیا کہ سوشانت اُن کی آنے والی فلم ’سڑک 2 ‘میں کردار ادا کرنا چاہتے تھے، تاہم انہوں نے اس سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا کہ سوشانت کو کاسٹ کیا جائے یا نہیں؟
فلم ساز کے مطابق انہوں نے ’سڑک 2‘ کے مرکزی کردار کے لیے سوشانت کو کاسٹ نہیں کیا تھا کیونکہ وہ فلم پہلی فلم کے ہیرو سنجے دت کے ساتھ ہی بنائی جانی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں ہیں کہ سوشانت سنگھ خودکشی کا سبب جاننے کے لیے جاری پولیس تفتیش کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، کیونکہ اب تک پولیس کو کوئی خاص شواہد نہیں ملےہیں جن سے پتا لگایا جاسکے کہ اداکار کو سازش کے تحت خودکشی کرنے پر مجبور کیا گیا ہو۔