• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں بلند ترین 20 منزلہ عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ، 15 ارب روپے لاگت آئے گی

پشاور(نامہ نگار)خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں رہائشی مسائل حل کرنے کے لئے شہر کے گنجان آباد علاقے نشتر آباد میں 20سے زائد منزلوں پر مشتمل پشاور کی بلند ترین کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔منصوبے پر تقریبا 15 ارب روپے کی لاگت آئیگی۔منصوبے پرکام شروع کرنے کے لئے صوبائی محکمہ ہائوسنگ خیبرپختونخوا اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے درمیان بدھ کے روز مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ مفاہمتی یاداشت پر سیکرٹری ہائوسنگ خیبرپختونخوا دائود خان اور ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی وسیم حیات باجوہ نے دستخط کئے۔ تقریب میں وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی، ڈی جی پروانشل ہائوسنگ اتھارٹی عمران وزیر، فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر سٹاف فیاض گل اور ڈائریکٹر کوآرڈینیشن عدنان دیار بھی موجود تھے۔ ایم او یو کے تحت نشتر آباد پشاور میں ایک کثیر منزلہ عمارت تعمیر کی جائیگی، معاہدے کے تحت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی ہائی رائز بلڈنگ میں تکنیکی، تعمیراتی و ڈیزائننگ کی مہارت سے لیکر فلیٹس کی مارکیٹنگ تک مختلف پہلوئوں میں اپنی معاونت فراہم کریگی۔ وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی کے مطابق ہائی رائز بلڈنگ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے تحت 36 کنال اراضی پر تعمیر کی جائیگی، جس کی ابتدائی چار منزلیں کمرشل مقاصد کے لئے استعمال ہونگی، ایک منزل سرکاری دفاتر جبکہ باقی ماندہ منزلوں پر رہائشی فلیٹس تعمیر کئے جائینگے۔ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں ہائوسنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور کئی ایک منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ہائوسنگ کے شعبہ میں شروع کئے جانے والے منصوبوں سے صوبہ میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور کم آمدن رکھنے والے افراد کے لئے گھروں کی سہولت ممکن ہو سکے گی۔
تازہ ترین