• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیم میں نسیم اور شاہین کی موجودگی خوش قسمتی، اظہر علی، بیٹسمین بھی بہتر نظر آرہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے نوجوان فاسٹ بولروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی ٹیم میں موجودگی کو خوش قسمتی سمجھتے ہیں۔ دونوں باصلاحیت اور سہیل خان اور محمد عباس جیسے تجربہ کار بولرز سے فائدہ حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کا وسیع تجربہ بھی اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہو رہا ہے۔ جمعرات کو ایک انٹرویو میں اظہر علی نے کہا کہ بحیثیت بیٹسمین بعض اوقات آپ سے رنز نہیں ہوتے مگر انگلینڈ میں تیاریوں کے دوران تمام بیٹسمین نیٹ میں بہتر توازن کے ساتھ بیٹنگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ پاکستان نے انگلینڈ میں ہمیشہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ امید ہے سیریز میں ان کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ اظہر علی نے کہا کہ کوویڈ19کی وباکے بعد دوبارہ گراؤنڈ میں واپسی ایک چیلنج تھا اور کیمپ کے آغاز میں فاسٹ بولرز کو مشکلات کا سامنا بھی تھا مگر مینجمنٹ نے بہترین انداز میں ان کا ورک لوڈ مینج کیا ہے۔ کرکٹ میں بتدریج واپسی سے کھلاڑی بہتر محسوس کررہے ہیں اور آہستہ آہستہ ان کے کھیل میں نکھار بھی آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انگلینڈ میں ہمیشہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یقین ہے کہ اس بار بھی ٹیم اچھا کرے گی۔ دریں اثنا انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستان نے بیس ممکنہ کھلاڑیوں کو اعلان کیا ہے۔ مانچسٹر ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستانی ٹیم سولہ رکنی ہوگی یہی کھلاڑی ڈریسنگ روم میں بیٹھیں گے جبکہ باقی کھلاڑی ہوٹل میں ہوں گے وہ انڈور نیٹس اور جم میں ٹریننگ کرکے ٹی 20ٹیم کی تیاری کریں گے۔ دوسری جانب سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ 29کھلاڑیوں میں سے 22فاسٹ بولرز ہیں، معلوم نہیں ٹیم انتظامیہ کیا چاہتی ہے۔ کھلاڑیوں کی فہرست دیکھ کر ٹیم کی ایک شکل اور پلاننگ کی سوچ سامنے آ جانا چاہیے مگر ایسا نظر نہیں آ رہا، اگر ہار گئے تو شدید تنقید ہوگی کہ آپ 40 کھلاڑیوں میں سے بھی ایک متوازن ٹیم نہیں بنا سکے۔ 

تازہ ترین