پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ کشمیر سے دستبردار ہو کر اب قوم کو بھاشن سے بہلایا جا رہا ہے، شاہ محمود قریشی پاکستان کی تاریخ کے ناکام ترین وزیر خارجہ ہیں۔
حیدرآباد سے جاری اپنے بیان میں سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ 5 اگست کو قوم حکومت کی ناکام کشمیر پالیسی کی برسی منائے گی، وزیرخارجہ اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ تصادم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قریشی صاحب سن لیں، بلاول بھٹو زرداری وقت کی آواز ہیں جسے کوئی نہیں دبا سکے گا۔ پارلیمنٹ میں بونوں کو لاکر قومی قائدین کے کردار پر حملے کروائے جاتے ہیں۔
مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ ہم عوام کے حقوق، جمہوریت اور آئین کی بات کرتے ہیں جواب میں گالم گلوچ شروع ہو جاتی ہے۔