ترجمان دفترخارجہ نے پاک افغان سرحد چمن پر پیش آنے والے واقعہ پر کہا ہے کہ گزشتہ روز پاک افغان سرحد باب دوستی گیٹ پر افغان فورسز نے شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ پاکستانی فورسز نے فائرنگ کا جواب دیا۔
اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستانی فورسز نے مقامی آبادی کے تحفظ اور اپنے دفاع میں جواب دیا۔ پاکستانی فورسز نے پہلے فائرنگ نہیں کی، صرف اپنے دفاع میں ردعمل دیا۔
انکا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدیں افغان حکومت کی درخواست پر ہی کھلی رکھی گئیں۔ پاکستان تجارتی سرگرمیوں کی روانی کیلئے منفی عناصر کی روک تھام کیلئے کام کررہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کی وجہ سے پیدل کراسنگ کی اجازت دی گئی تھی۔ کراسنگ کیلئے جمع افراد پر افغان فورسز نے فائرنگ کی۔ اس افسوسناک واقعہ میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں اور پاکستان کی طرف املاک کونقصان پہنچا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کی طرف بھی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کیلئے پرُعزم ہے۔ امید رکھتے ہیں افغانستان پاکستان کے تعمیری جذبےکا مثبت جواب دے گا۔