• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج سے مدد لینا خوش آئند ہے، لیکن مسئلے کا مسقتل حل نکالا جائے، مصطفیٰ کمال


چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) مصطفیٰ کمال نے کراچی کے مسئلے پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پاک فوج سے مدد کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے مسائل کے مستقل حل کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے تاجروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقات اور شہر کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسئلے پر این ڈی ایم اے اور  پاک فوج سے مدد خوش آئند ہے۔ لیکن کراچی کےمسئلے کے حل کے لیے یہ اقدامات عارضی ہیں۔ وزیراعظم کو چاہیے کہ اس کے مستقل حل کے لیے اپنے اختیارات استعمال کریں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کرکے کراچی کے مسائل حل کرائیں، کراچی کی صورتحال صرف اہلیان کراچی کا مسئلہ نہیں ہے۔ کراچی میں کاسمیٹک اقدامات کرنا ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا، کاسمیٹک سرجری کے بجائے مسئلے پر مستقل لائحہ عمل ترتیب دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 12 ہزار ٹن یومیہ کچرا پیدا ہوتا ہے، کراچی کے نالے ریت سے بھر چکے ہیں، پانی گزرنے کی جگہ باقی نہیں، شہرکی صفائی ایک مہم چلا کر ختم کردی گئی تو کچھ عرصے بعد صورتحال پھر پہلےجیسی ہوجائے گی۔ 

سابق میئر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ حکومت کو اس کی منشا پر نہیں چھوڑیں، پیپلز پارٹی کو علم ہے کراچی میں ان کا مینڈیٹ نہیں اور ان کا میئرمنتخب نہیں ہوسکتا۔ پیپلز پارٹی نے تعصب کا چشمہ لگا کر کراچی کو 6 ڈسٹرکٹ میں تقسیم کردیا۔

تازہ ترین