کوئٹہ میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے عید الاضحٰی کی تعطیلات کے دوران شہر میں بجلی فراہمی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
کیسکو ترجمان کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے عید الاضحٰی کے تعطیلات کے دوران صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر میں بجلی فراہمی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔
عید الاضحٰی کے دوران صارفین کو مزید بہتر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے کیسکو نے سینٹرل کمپلینٹ سیل زرغون روڈ کوئٹہ کومرکزی مانیٹرنگ و ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قرار دے دیا ہے، جو 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔ یہ صوبائی حکومت کے ماتحت ایمرجنسی کنٹرول سینٹر15 سے بھی رابطے میں رہے گا۔
کنٹرول سینٹر صارفین کی جانب سے شہر میں کسی بھی جگہ بجلی کے منقطع ہونے یا فنی خرابی پیدا ہونے کی شکایت پر کم سے کم وقت میں بجلی کی دوبارہ بحالی کیلئے متعلقہ سب ڈویژن کو فوری کارروائی کرنے کا پابند بنائے گا۔