سندھ بھر میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس برانچز کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی ٹریفک قمر الزماں کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے اپائنمنٹ لینے کے لیے آن لائن ایپلی کیشن متعارف کرادی گئی ہے۔ ایپلی کیشن کے ذریعے کل سے اپائنٹمنٹ حاصل کی جاسکتی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کی ویب سائٹ سے بھی اپائنٹمنٹ ٹوکن حاصل کیاجاسکتا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس برانچز 5 اگست سے لائسنس کا اجرا شروع کردیں گی۔
اپائنٹمنٹ ٹوکن صبح 10 سے شام 4 بجے تک حاصل کیا جاسکےگا۔ اگلے روز اسی ٹوکن کی بنیاد پر صرف امیدوار لائسنس کے لیے برانچ جاسکےگا۔
ڈی آئی جی قمر الزماں کے مطابق کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائےگا۔ پہلے مرحلے میں لرننگ لائسنس، ختم شدہ لائسنس کی تجدید اور انٹرنیشنل لائسنس جاری ہونگے۔ نئےمستقل لائسنس اور بک والے لائسنس کی کمپیوٹرائزڈ تبدیلی فی الحال نہیں کی جارہی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس برانچز 18 مارچ کو لاک ڈاؤن کے باعث بند کی گئی تھیں۔