نارووال(نمائندہ جنگ، مانیٹر نگ سیل) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ سری نگر سوشل میڈیا ٹرینڈ بنا کر نہیں پہنچا جاسکتا، حکومت عملی اقدامات کرے، حکومت فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس بلائے جبکہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں دوبارہ اٹھایا جائے۔
احسن اقبال چوہدری عید کے روز چند ماہ قبل وزیر ستان میں شہید ہونے والے سپاہی توصیف کے گھر گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں اپنے ان جوانوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت کا رتبہ حاصل کرتے ہیں ہم اپنے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کریں۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیر خارجہ نے کہا ہے ان منزل سرینگر ہے کاش یہ بات سچ ثابت ہو سکے سرینگر ٹویٹر کے ذریعے نہیں ہمیں عملی کام کرنے ہوگا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے قبضہ کو ایک سال پورا ہو رہا ہے حکومت پاکستان اسلامی سربراہی کانفرنس اجلاس بلا کر بھارت پر موثر دباو ڈالا جا سکے تاکہ بھارت وہاں سے لاک ڈاون ختم کرے وہاں کے لوگوں کے بنیادی حقوق بہال ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کونسل میں کشمیر کے مسئلے کو اٹھایا جائے او آئی سی کے نزدیک کشمیر کا مسئلہ مسلم امہ کا مسئلہ نہیں ہے تو ہمیں او آئی سی کی ممبر شپ پر نظر ثانی کرنی چاہیے ہم کسی ایسے فورم پر کیسے بیٹھ سکتے ہیں جو اپنی آنکھیں بند رکھیں ہوئے ہیں۔