وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کررہاہے ، ہم ایل او سی پر شہریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گئے اور بھارت کو یہ واضح پیغام دینا تھا کہ 5اگست کے اقدامات پوری کشمیری قوم نے مسترد کر دیے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ دورۂ مظفر آباد میں کشمیری قیادت کو اعتماد میں لیا گیا، تمام سیاسی جماعتوں کو دفتر خارجہ میں دعوت دی گئی ہے تاکہ مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اہم معاملوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا، کل پوری قوم متحد ہوکر بھارت کو ایک پیغام دے گی کہ ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوا ہماری منزل سری نگر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر میں جس جامع مسجد کو تالے لگائے گئے یہ تالے ٹوٹیں گے، بھارت کا بیانیہ ناکام ہوچکا ہے،بھارت کو معلوم ہوچکا ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام ان کےموقف کو نہیں مانتے۔
دوسری جانب بھارتی جیل میں نظر بند حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہاکہ پوری دنیا میں میڈیا نے بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیا ۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کے اقدامات کے بعد بھارت کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے آیا ہے،خطے کی سلامتی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے منسلک ہے ۔
مشعال ملک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی تمام توجہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر ہونی چاہیے۔