• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وائرل میم والے صارم اختر پاکستان انگلینڈ سیریز کیلئے پرجوش

وائرل میم والے صارم اختر پاکستان انگلینڈ سیریز کیلئے پرجوش


کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں ہر لمحہ بدلتی صورتحال کے مطابق حیرانی، پریشانی اور غصے کی کیفیتوں کی تصویر پیش کرنے والے صارم اختر بھی پاکستان انگلینڈ سیریز کیلئے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر صارم کی ایک نئی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں انہوں نے وائرل میم والا لباس ہی زیب تن کر رکھا ہے اور وہ پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کیلئے پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔

ویڈیو کے آغاز میں صارم اپنے وائرل میم والے اسٹائل میں ہی دکھائی دیتے ہیں لیکن پھر فوراً ہی پاکستان انگلینڈ سیریز کیلئے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’ارے یار! بس کر ایک سال ہوگیا ہے، پاکستانی ٹیم سیریز کھیلنے انگلینڈ آئی ہوئی ہے، یہ تو بہت ہی زبردست وقت ہے۔‘

پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے اپنے خصوصی پیغام میں صارم نے کہا کہ ’ٹیم فخر اور جذبے سے کھیلے تو پچھلی مرتبہ جو سیریز برابر کر کے آئے تھے اس مرتبہ انشاءاللہ جیت کر آئیں گے۔‘

ساتھ ہی انہوں نے ٹیم کو مشورہ دیا کہ اگر گیند آف اسٹمپ سے باہر ہو تو اسے جانے دیں کھیلنے کی کوشش نہ کریں۔

پی سی بی کی جانب سے شیئر کردہ اس ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے صارم نے کہا کہ ’آخر کار مجھے اپنی میم فوٹو سے مشہور ہونے پر  پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے کچھ بولنے کا موقع ملا۔‘

صارم اختر نے انگلینڈ سے سیریز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کاپہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 13 سے 17 اور تیسرا 21 سے 25 اگست تک ساؤتھمپٹن میں ہوگا۔

تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز مانچسٹر میں ہوں گے، پہلا میچ 28 اور دوسرا 30 اگست کو جبکہ تیسرا یکم ستمبر کو ہوگا۔ پہلا اور تیسرا میچ ڈے نائٹ ہوگا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق تمام میچز نماشائیوں کے بغیر اور بائیو سیکیور ماحول میں کھیلے جائیں گے۔

تازہ ترین