• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرینہ نے خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا

بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے خود پر ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف اقربا پروری کی بنیاد پر دو دہائیوں سے زیادہ عرصے تک بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنا مقام نہیں بنا سکتی تھیں ۔

بھارتی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد سے سنیئر اداکاروں کے بچوں ’اسٹار کڈز‘کے لیے کافی مشکلات کھڑی ہو گئی ہیں، بھارتی عوام کی جانب سے اقربا پروری کے ذریعے کیریئر بنانے والوں کے خلاف خوب تنقیدی تبصرے جاری ہیں، اس تنقید میں سب سے زیادہ ہدایتکار کرن جوہر، بھٹ، کپور اور سنہا خاندان کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی چینلز کی جانب سے آج کل جس فنکار کا بھی انٹرویو کیا جا رہا ہے اقربا پروری کے سلگتے ہوئے موضوع پر بھی سوالات کیے جا رہے ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ کرینہ کپور خان نے بھارتی صحافی ریکھا دت کو انٹرویو دیتے ہوئے اقربا پروری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’عوام صحیح مسئلہ سمجھنے کے بجائے اس وقت تنقید کرنے کے موڈ میں ہیں، ہر فنکار کا خاندانی پس منظر دیکھا جا رہا ہے، اُس اداکار نے خود کتنی محنت کی ہے یہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہے ۔‘

کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ ’ 21 سال کی عمر میں انڈسٹری میں کام مل جانے کا ہر گز یہ مطلب نہیں ہے کہ کسی اسٹار کے بچے کو ہی اتنی سی عمر میں کام مل سکتا ہے، یہ ممکن نہیں ہے، ا نہوں نے بہت سارے لوگ ایسے دیکھے ہیں جن کا خاندانی پس منظر بڑا مضبوط ہوتا ہے مگر انہیں کام نہیں مل پاتا ہے، سخت محنت کرنے اور آگے بڑھتے رہنے سے ہی کامیابی حاصل ہوتی ہے ۔‘

39 سالہ کرینہ کا مزید کہنا تھا کہ ’اُن کے کیریئر کے کسی موڑ پر بھی اُنہیں خاندان کے فلمی پس منظر رکھنے کی وجہ سے کوئی کام نہیں ملا ہے ، یہ ساری اُن کی اپنی خالص محنت ہے۔‘ 

کرینہ نے کہا کہ  ’چاہے اُن کا کیریئر ایسا نہیں کہ اُن کی جیب میں بس 10 روپے تھے اور وہ کسی اور شہر سے بذریعہ ٹرین یہاں آ کراسٹار بن گئیں، وہ اس سے متعلق معذرت خواہ بھی نہیں ہیں، مگر محنت انہوں نے بھی کی ہے۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ شائقین ہی اسٹار بناتے ہیں جنہیں عوام پسند کریں وہ اسٹار بن جاتا ہے جیسے کہ اکشے کمار اور شاہ رُخ خان بغیر کسی اثر و رسوخ کے اس فلم انڈسٹری میں آئے اور انہوں نے اپنا نام بنایا، وہ دونوں کامیاب ہیں کیوں کہ عوام نے انہیں پسند کیا ہے ۔

تازہ ترین