• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی پسند عوام بھارتی ظلم کے خلاف آواز بلند کریں،محمد غالب

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے 5اگست کو پوری دنیا میں کشمیری، پاکستانی اور آزادی پسند عوام مقبوضہ کشمیر کے مظلوم اور محکوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر کے بھارتی ظلم اور دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کریں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ایک سال سے لاک ڈائون اور مسلسل کرفیو نافذ کررکھا ہے ،اس پر خاموشی اختیار نہیں کی جاسکتی، مقبوضہ کشمیر کے عوام اور قیادت نے جس استقامت کا مظاہرہ کیا ہے ان کے ساتھ صرف کھڑا ہونا کافی نہیں ہے بلکہ انہیں بھارت کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد کرانے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر اسقدر دنیا میں اجاگر ہو چکا ہے کہ اب کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے، بھارت کی دس لاکھ دہشتگرد مسلح فوج کو پتھروں اور محض ایک منٹ کی خاموشی اور سائرن بجائے سے نہیں نکالا جاسکتا، حکومت پاکستان کو اپنی پالیسی بدلنی ہوگی اب صرف کھڑا ہونے کا وقت نہیں ہے، پاکستان کی عملی امداد کے بغیر کشمیر آزاد نہیں ہو سکتا ،پاکستان کو ایک فریق کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کشمیری پاکستان کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ،دشمن کے غاصبانہ قبضہ سے آزاد کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، محمد غالب نے کہا کہ سفارتی محاذ پر پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی اور تنظیموں نے بھارت کی دہشت گردی اور گھناونے چہرے کو بے نقاب کیا ہے، پاکستان کو ان حالات سے فائدہ آٹھانا ہوگا ورنہ یہ وقت پھر ہاتھ نہیں آئے گا ،مودی کو اس کی زبان میں جواب دینا ہوگا،کشمیری پاکستانی پرچم تھامے انتظار کرہے ہیں۔

تازہ ترین