• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری منزل سرینگر، وہاں ایک دن مساجد کے تالے ٹوٹیں گے، شاہ محمود


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری منزل سرینگر ہے،وہاں ایک دن مساجدکے تالےٹوٹیں گے،پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں نالوں کی صفائی سندھ حکومت کی ذمہ داری میں نہیں آتی،تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہاکہ پی ٹی آئی جلد اپنا میئر لائی گی،حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نےکہا کہ 5اگست 2019کے اقدام کے بعد بھارت کا گھناؤنا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 2003سے 2020تک بھارتی فوج کی کشمیر پر جارحیت کی بڑھتی ہوئی داستانیں ہیں اور 2020میں اٹھارہ سو چوالیس کے قریب سیز فائر کی خلاف ورزیاں ہو چکی ہیں چری کوٹ کے دورے پر مظلوم کشمیری عوام کو محفوظ کرنے سے متعلق بریفنگ دی گئی اسی کے ساتھ دورے کا مقصد بھارت کو ایک واضح پیغام دینا تھا کہ 5 اگست کا اقدامات لائن آف کنٹرول کے دونوں پار موجود کشمیری عوام نے مسترد کر دیئے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے ، اب بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں ، سابق بھارتی ہوم منسٹر چدم برم بھی واضح کہہ چکے ہیں کہ مودی سرکار ، آر ایس ایس کے اقدامات ناکام ہو چکے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال اور بھارتی فوج کے اقدامات پرمشاورت کے لئے پاکستان کی تمام جماعتوں کو دفتر خارجہ مدعو کیا گیا ،سیاسی قیادت اور کابینہ کو اعتماد میں لیا جائے گا ، کشمیری قیادت سے پہلے ہی مشاورت کرکے اعتماد میں لیا جا چکا ہے ، 5اگست کو پاکستانی سیاسی قیادت اور عوامی اتحاد کشمیریوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہیں، کشمیریوں کی جدو جہد 7 دہائیوں پر مشتمل ہے لیکن اس میں تسلسل قائم ہے ، ہماری منزل سرینگر ہے ، انشاء اللہ وہاں ایک دن مسجدوں کے تالے ٹوٹے گے ، بھارتی تسلط اور دباؤ کے باوجود کشمیری عوام کبھی ان کے کنٹرول میں نہ آئی ہے نا آئے گی ۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نےکہا کہ 5اگست 2019کے اقدام کے بعد بھارت کا گھناؤنا چہرہ پوری دنیا کے سامنے واضح ہوا ہے ، بھارتی جنگی جنون خطے کی امن و سلامتی کے لئے خطرہ بنا ہو اہے ہمیں خطے اور مسلم ممالک سے باہر نکل کر اقوام متحدہ مغربی ممالک اور دیگر تمام عالمی تنظیموں میں اس مسئلے کا اجاگر کرنا ہے یہ ایک بڑا مسئلہ ہے پاکستان کا اب پورا فوکس اس مسئلے کو دنیا کے سامنے لانے پر ہونا چاہیے بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے بعد ثالثی کے تمام دروازے بند کر چکا ہے۔

تازہ ترین