• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں کل سے تیز بارشیں متوقع


کراچی میں کل سے تیز بارشیں متوقع ہیں، محکمۂ موسمیات کی جانب سے شہرِ قائد میں 100 سے 130 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ٹیمیں کراچی میں نالوں کی صفائی میں مصروف ہیں جنہوں نے صفائی کا دائرہ کار بڑھا دیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے نالوں سے 4 ہزار 364 ٹن کچرا نکالا گيا۔

کراچی کے 3 بڑے نالوں گجر نالے، کورنگی نالے اور مواچھ گوٹھ نالے پر ایف ڈبلیو او کی 14 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

ادھر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، بارکھان، ژوب، خضدار اور اس کے گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

وادیٔ کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح میں مطلع صاف اور موسم خشک ہے، کوئٹہ کا موجودہ درجۂ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش

خضدار میں موجودہ درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ یہاں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

سبی میں موجودہ درجۂ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں درجۂ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تازہ ترین