• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بن قاسم پلانٹ میں خرابی، کراچی کے کئی علاقوں کی بجلی معطل

کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ کے یونٹ میں تکنیکی خرابی کے باعث سسٹم کو 130 میگاواٹ بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں بجلی کی طلب اور رسد میں فرق 780 میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں 3 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ شہر کے کچھ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں تک پہنچ گیا، رات کے اوقات میں 3 سے 5 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر میں بجلی کی طلب 2700 میگاواٹ ہے، کے الیکٹرک اپنے سسٹم سے صرف 900 میگا واٹ بجلی فراہم کر رہی ہے، جبکہ نیشنل گرڈ اور آئی پی پیز سے 1020 میگا واٹ بجلی مل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ

لیاری، کھارادر ، نارتھ، نیو کراچی، بفرزون اور سرجانی ٹاؤن میں صبح 9 بجے سے بجلی بند ہے، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں مقامی فالٹس کے نام پر بجلی کی بندش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تازہ ترین