• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیریوں کی جان چھوڑ دے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

بھارت کشمیریوں کی جان چھوڑ دے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(ایجنسیاں) سینیٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی، غاصبانہ اور یکطرفہ اقدامات کا ایک سال مکمل ہونے پر قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دی ہےجبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جس طرح اسرائیل غزہ میں آبادکاری کر رہا ہے اور فلسطینیوں پر ان کی اپنی زمین تنگ کر دی ہے۔

 اسی طرح بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے‘یہ گُر اس نے اسرائیل سے سیکھا ہے ‘عالمی برادری بھارت کا مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم کرانے، بھارتی فوج کو مقبوضہ وادی سے نکالنے۔

میڈیا اور انٹرنیٹ پر پابندی کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کرے، بھارت سیاسی قیدیوں کو رہا کرے اور کشمیریوں کی جان چھوڑ دے۔

پاکستان کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، مجھے کامل یقین ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔

وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی آزادی کا سورج طلوع ہو گا، بھارت نے ہمیشہ مذاکرات سے انکار کیا ہے، پاکستان نے ہمیشہ امن کی راہ اختیار کی ہے تاہم بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ 

تفصیلات کے مطابق بدھ کو ایوان بالا کے یوم استحصال کے حوالہ سے خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ یوم استحصال منانے کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ تنازعہ کشمیر پر ہم سب متحد ہیں۔ بھارت نے 5 اگست 2019ءکو خطرناک اقدامات اٹھائے۔

کشمیر کو جیل خانہ بنا دیا گیا، ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں، جنیوا کنونشن اور شملہ معاہدہ کی خلاف ورزی ہیں، بھارت نے بچوں کے حقوق پامال کرکے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔ 

دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر اپنی آنکھیں کھولنی چاہئیں۔

تازہ ترین