• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او آئی سی اور دوست ملک فیصلہ کریں پاکستان کیساتھ ہیں یا نہیں، شاہ محمود قریشی


’او آئی سی اور دوست ملک فیصلہ کریں پاکستان کیساتھ ہیں یا نہیں‘


اسلام آباد (ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی)اور دوست ممالک فیصلہ کریں کہ کشمیر ایشوپر وہ پاکستان کے ساتھ ہیں یا نہیں ‘سیاسی نقشے کے بعد بھارت کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں‘بھارت اب انڈیا کی بجائے ’ہندیا‘ بن چکا ہے‘نریندر مودی مظفر آباد آئیں اور عمران خان کو سرینگرجانے دیں، کشمیری عوام کا ریفرنڈم ہو جائے گا‘ اگر ہمت ہے تو قبول کرو اور اگر ہمت نہیں ہے تو پھر نظرثانی کرو۔ بدھ کو یوم استحصال کے حوالہ سے منعقدہ واک کے اختتام پر وزیر خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو آج پہلا پیغام یہ دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کے جبر و استبداد اور ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے حوصلے پست ہو گئے ہوتے تو آج بھارت کو کرفیو کا سہارا نہ لینا پڑتا۔ اگر بھارت نے یہ اقدامات کشمیریوں کی بہتری کیلئے اٹھائے ہوتے تو آج 5 اگست کو پہلی سالگرہ پر وہاں جشن کا سماں ہوتا، مٹھائیاں تقسیم ہو رہی ہوتیں، 5 اگست سنگینوں کے سائے میں نہ منایا جاتا۔دریں اثناءپاکستان کے نئے سیاسی نقشے کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سیاسی نقشے کے بعد بھارت کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، بھارت کے مؤقف سے پتہ چل رہا ہے کہ اسے کتنی بھاری ضرب پڑی‘نقشے میں سیاچن پر پاکستانی مؤقف کو واضح کردیا، سرکریک پر بھی پاکستان کا اصولی مؤقف بہت واضح کیا گیا۔ علاوہ ازیں ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہناتھاکہ بھارت اب انڈیا کی بجائے ’ہندیا‘ بن چکا ہے جو گاندھی اور نہرو کے فلسفے کی نفی ہے، کشمیریوں کے دل بھارت سے متنفر ہو چکے، وہ شکست کھا چکا، حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، کشمیر انشاءاللہ آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔مودی بابری مسجد کی جگہ رارم مندر کی بنیاد رکھ رہا ہے، میں امید کرتا ہوں کہ پوری مسلم امہ اس کی مذمت کرے گی۔

تازہ ترین