• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کے غیر قانونی اقدامات پر کشمیری سخت ناراض ہیں، گلف نیوز

دبئی کے بین الاقوامی اخبار ’گلف نیوز‘ نے کشمیر کی غیر معمولی کوریج کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی غیر آئینی اقدامات پر کالمز اور تصاویر شائع کیے ہیں۔

گلف نیوز میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیری جدوجہد آزادی کی عکاسی بھی کی گئی، خلیجی اخبار نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کشمیر پر مودی کے غیرقانونی اقدامات کا ایک سال مکمل ہونے پر کشمیری سخت ناراض ہیں، جبکہ کشمیریوں کی جدوجہد برصغیر کی تقسیم سے پہلے کی ہے۔

کالم نگاروں نے موقف دیا کہ نریندر مودی نےکشمیریوں، بھارتی رہنماؤں کے درمیان تعلق توڑ دیا ہے۔

خلیجی اخبار گلف نیوز نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ہندوتوا عزائم پر اظہارافسوس بھی کیا۔

کالم نگار نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنا ہندو قوم پرستوں کی فتح ہے، جبکہ کشمیرکی آئینی حیثیت ختم کرنا بھارت کی سیکیولر شناخت کھودینے کے مترداف ہے۔

اخبار نے اپنے کالم میں لکھا کہ مقبوضہ کشمیر ایک سال سے لاک ڈاؤن میں ہے، سیاسی رہنما گرفتار ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے پر مکمل پابندی ہے، جبکہ اظہار رائے کو دبانے کیلئے طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے۔

خلیجی اخبارنے لکھا کہ مودی نے کہا تھا آئینی حیثیت ختم کرنے پرخطہ کشمیر میں معاشی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی، ایک سال سے مقبوضہ کشمیر بند پڑا ہے، معیشت زمین بوس ہوگئی ہے۔

تجزیہ نگار نے لکھا کہ اسرائیلی نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارت آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے، بھارتی شہریوں کو کشمیری ڈومیسائل فراہم کئے جارہے ہیں، اور مقبوضہ وادی میں کشمیری غم و غصے اور بے بسی سے دوچار ہیں، جبکہ سیاسی معاہدے کی امید ختم ہوچکی ہے اور کشمیر کا سماجی و سیاسی نقشہ تبدیل کیا جارہا ہے۔

خلیجی اخبا ر نے لکھا کہ بھارتی بیوروکریسی کشمیر پر راج کررہی ہے، بھارت کے اقدامات نے مقبوضہ کشمیر کو مکمل طور پر پاکستان سے جوڑ دیا ہے، جبکہ بھارت کےعالمی موقف نے شکست فاش کھائی ہے اور کشمیریوں کے آئینی حقوق کے تحفظ میں بھارتی عدلیہ بھی ناکام ہوئی ہے۔

تازہ ترین