• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر قانونی محاصرے کو ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر جاری بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ بھارت فوری طور پر جموں و کشمیر کا طویل غیر قانونی محاصرہ ختم کرے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ بھارت وادی کے گرفتار سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں کو رہا کرے۔

عالمی واچ ڈاگ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ کی سہولیات بھی بحال کی جائیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مطالبہ کیا کہ بھارت جیلوں کو خالی کرے اور صحافیوں پر ہونے والے حملوں کی فوری تحقیقات کروائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ایک سال میں بھارت نے منظم انداز میں کشمیریوں پر انصاف کا ہر راستہ بند کر دیا۔ کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے ایک سال سے وادی میں انٹرنیٹ اور مقامی میڈیا پر پابندیاں ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے کشمیر میں مواصلات، نقل و حمل اور شخصی آزادی پر پابندیاں لگا رکھی ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے اظہار رائے کی آزادی چھین کر عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

عالمی واچ ڈاگ کا کہنا تھا کہ وادی کی اصل صورتحال دنیا سے چھپانے کے لیے بھارت نے کشمیر میں بھیانک میڈیا پالیسیاں نافذ کیں۔

اس نے مطالبہ کیا کہ بھارت فوری طور پر جموں و کشمیر میں نافذ نئی میڈیا پالیسی کو معطل کرے۔

تازہ ترین