اسلام آباد (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی پارک لین ریفرنس خارج کرنے اور عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق درخواستیں مسترد کرتے ہوئے10 اگست کو ریفرنس کے تمام افراد پرفردجرم عائد کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی، سماعت کے دوران آصف زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک کے معاون وکیل جبکہ فریال تالپور کی جانب سے لطیف کھوسہ عدالت میں موجودتھے،نیب پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کی گئی جس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر زرداری کی بریت اور ریفرنس خارج کرنے کی درخواست واپس لینے کیا کہاگیاجس پرنیب نے فردجرم عائد کرنیکی استدعا کی،ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل سردار مظفر عباسی نے کہاکہ تمام دلائل مکمل ہونےکے بعد آصف زرداری درخواست واپس نہیں لے سکتے۔