شیخوپورہ (نمائندہ جنگ ) قابل اعتماد ذرائع کے مطابق پاکستان دشمن قوتوں نے وطن عزیز میں دوبارہ دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے منصوبے بنانا شروع کر دیئے ہیں. انٹیلی جنس اداروں نے بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے علاوہ افغان ایجنسی این ڈی ایس اور بی ایل اے کے مذموم منصوبوں کی نشاندہی کی ہے.
بی ایل اے (مجید بریج) نے بھی پہلی مرتبہ دو خود کش بمبار تیار کئے ہیں. تھریٹ الرٹ نمبر 239 میں کہا گیا ہے کہ یہ دہشت گرد ممکنہ طور پر پاکستان میں خود کش حملے کر سکتے ہیں. ایجنسیوں نے ان خود کش بمباروں کی تصاویر حاصل کرنے میں بھی کامیابی حاصل کی ہے اور پولیس، سی ٹی ڈی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
تھریٹ الرٹ نمبر 236 میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے بھیجے گئے خود کش بمبار لاہور میں کارروائی کرسکتے ہیں. یہ کارروائی رش والی جگہ پر ہونے کا زیادہ خدشہ ہے۔
تھریٹ الرٹ نمبر 234 میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم حرکت الضار (ایچ یو اے / جے یو اے) کے تربیتی کیمپ میں حال ہی میں چار خود کش بمبار تیار کیے گئے ہیں جن کے ممکنہ نام شاہین بلال سلیمان اور سعید کوچی ہیں جن کو پاکستان میں کارروائیوں کے لیے بھیجا جائے گا۔