لاہو(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل، ایجنسیاں) وزیر اعظم نوازشریف آج علاج کے سلسلہ میں لندن جا رہے ہیں ، وہاںکل ان کا طبی معائنہ ہو گا۔ اس سلسلے میں انکا ڈاکٹر سے ٹائم طے ہو گیا ہے ۔وہ آج لاہور سے اسلام آباد پہنچیں گے جہاں کچھ دیر قیام کے بعد لندن روانہ ہوں گے۔ان کے ہمراہ مریم نواز بھی ہوں گی ۔ لندن میں ان کا آج سے کچھ سال قبل دل کا ایک آپریشن ہوا تھا جس میں پیچیدگی پیدا ہو گئی تھی اور خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہو گئے تھے ۔ ڈاکٹروں نے انہیں ہر سال طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی لیکن انہوں نے تین سال سے معائنہ نہیں کروایاتھا اور چند روز سے انہیں تکلیف محسوس کر رہے تھے۔دریں اثناء گزشتہ روز رائیونڈ میں انہوں نے اپنی سرگرمیاں محدود رکھیں، تاہم شہباز شریف نے ان سے رائیونڈ میں ملاقات کی۔ نوازشریف نےوفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکو اپنی غیر موجودگی میں وطن میں رہنے کی ہدایت کی ہے ،اسحاق ڈار ایک کانفرنس کے سلسلہ میں دو روز بعد امریکہ روانہ ہونے والےتھے ۔دریں اثنا مانیٹرنگ سیل کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ روز لاہور وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں پاناما لیکس کے بعد سیاسی صورتحال سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کے طبی معائنے کیلئے لندن روانگی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کو رحمان ملک کی جانب سے دئیے گئے پیپلز پارٹی کے پیغام سے بھی آگاہ کیا ۔