• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور و  سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا


وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  ملاقات کی، ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مکمل فعال کرنے کیلئے فوری انتظامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال او رجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اختر ملک،چیف وہیپ قومی اسمبلی ایم این اے عامر ڈوگر سمیت ایم این اے زین قریشی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کو جلد تعینات کردیاجائے گا، محکموں کے سیکرٹریز با اختیار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کوانتظامی و مالی لحاظ سے خودمختاری دی جائےگی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے امور مقامی طور پر نمٹائےجائیں گے۔

عثمان بزدار نے ملتان میں 100بستروں کا مدر اینڈ چائلڈ اسپتال بنانےکی منظوری دے دی، مدر اینڈ چائلڈ اسپتال غلہ منڈی کی پرانی عمارت کی جگہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملتان میں واسا اور سیوریج سےمتعلقہ مسائل فوری حل کئےجائیں گے، سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر لئے گئے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیرادھورا ہے، مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر کے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے، 22 کروڑ پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تازہ ترین