اسلام آباد( نمائندگان جنگ) سب سے بڑی ملک گیر شجرکاری مہم کا آج آغاز، عمران خان افتتاح کرینگے،35لاکھ پودے لگانے کا ہدف، ٹائیگر فورس کے رضا کار تیار،وزراء اعلیٰ کو بھی مہم میں شرکت کی ہدایت کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق ٹائیگر فورس ڈے پر ملک کی سب سے بڑی شجر کاری مہم آج بروز اتوار شروع ہوگی،ٹائیگر فورس کے رضا کاروں نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ،مختلف ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں،ملک بھر میں 35 لاکھ پودوں کی تقسیم کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا، وزیراعظم آج صبح ٹائیگر فورس کے ہمراہ شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کو مہم کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف، بلاول بھٹو اور خواجہ آصف سمیت اپوزیشن رہنماء قومی مہم کا حصہ بنیں، سندھ حکومت قومی مفاد کی خاطر روایتی ہٹ دھرمی ترک کرے۔ سول سوسائٹی،ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات اور عوام مل کر مہم کامیاب بنائیں گے۔ وزیراعظم اسلام آباد اور وزیراعلیٰ پنجاب سیالکوٹ سے مہم کا آغاز کریں گے۔ دریں اثناء ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ ہرفرد کل 9 اگست کو پاکستان بھر میں درخت لگانے کے عمل میں میرے ساتھ شامل ہو۔
kk