• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسل نو کی فلاح کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل کیا جائے ،پیر حسنات بخاری

لائیپزگ (نمائندہ جنگ) برلن کے مضافاتی شہر لائیپزگ میں شان مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کانفرنس اور عید ملن پارٹی کا انعقاد میلاد کمیٹی لائیپزگ کے روح رواں عمران علی منج اور کمیٹی کے ممبران نے کیا۔پروگرام کی صدارت نامور مذہبی اسکالر مبلغ اسلام حضرت علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری آف بلجیم نےکی۔جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ محمد مشتاق نے حاصل کی ۔ مقامی نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے ۔ اس موقع پر علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری نے اپنے خصوصی خطاب میں شان مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے عنوان پر قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل گفتگو فرمائی اور اس بات پر زور دیا کہ نسل نو کی فلاح کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل کیا جائے،ہمیں یورپی معاشرے میں اپنی نئی نسل کی آبیاری کے لیے دین اسلام کی راہوں کو ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے عالمی وبا کورونا وائرس کے موذی اثرات کو قدرت کی جانب سے ایک کڑا امتحان قرار دیااور کہا کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے مقامی اصول وضوابط اور قوانین پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بھارت کے ظالمانہ اقدامات اور کشمیریوں پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کی اور خطہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی ۔پروگرام میں حافظ مشتاق ،ندیم مغل ،محمد نواز مہر،چوہدری محمد ارشد،چوہدری محمد سلیم اور عبدالقیوم نے نبی محتشم نور مجسم شفیع مکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ تبریک پیش کیے۔پروگرام میں جرمنی کے مختلف شہروں سے کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تازہ ترین