• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لداخ کا سرد موسم ،بھارتی فوجیوں کیلئے کڑا امتحان

کراچی (نیوزڈیسک )لداخ کا سرد موسم ،بھارتی فوجیوں کیلئے کڑا امتحان بن گیا ہے،لداخ میں گزشتہ تین ماہ سے زیادہ عرصے سے بھارت اور چین کی فوجیں مختلف مقامات پر آمنے سامنے ہیں۔

 حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات جاری ہیں لیکن مزید افواج کی تعیناتی اور آنے والے دنوں کی تیاریوں سے بھارت کی فوج زبردست دباوٴ میں معلوم ہو رہی ہے۔ 

فوج کے سابق ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل ایس کے پتیال لیہ میں واقع 14ویں کور کے کمانڈر رہ چکے ہیں،پتیان کا کہنا ہے کہ ’لداخ میں خطرناک سردی ہوتی ہے۔ درجہ حرارت منفی 40ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جاتا ہے اور 40فٹ تک برف بھی جم جاتی ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ایسے حالات میں عام طور پر گشت کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بھارتی فوج نے فیصلہ کیا ہے کہ ʼاپنی موجودگی کو مضبوط کرنے کے لیے اس علاقے میں بھیجے جانے والے سکیورٹی اہلکار فی الحال واپس نہیں بلائے جائیں گے۔ 

یعنی اب فوجی دستے اس علاقے میں سردیوں میں بھی رہیں گے اور اس سے موجودہ حالات کی سنجیدگی کا بھی پتا چلتا ہے۔

بھارتی فوج کی اودھم پور میں واقع شمالی کمان کے کمانڈر رہ چکے ریٹائرڈ لیفٹنینٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا نے بتایا کہ ’اتنی بڑی سطح پر اشیاء بھیجے جانے کا اتنا بڑا آپریشن نا صرف موجودہ فوجیوں کی بلکہ یہاں بھیجے جانے والے مزید فوجیوں کی بھی مدد کرے گا۔ 

ایسا آپریشن شمالی لداخ میں اس سے قبل نہیں ہوا۔ اور یہی بات اسے غیر معمولی بناتی ہے۔

تازہ ترین