لاہور ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے200 ماہرین عالمی مالیاتی اداروں کے ملازم ہیں ، انھوں نے کہا ایک طرف حکومت کے پاس تعلیم کیلئے بجٹ نہیں اور دوسری طرف راوی کے کنارے نیاشہر بسارہی ہے، نیا شہر بسانے کیلئے 50ہزار ارب ڈالر کہاں سے آئیں گے۔ انھوں نے کہا وزیراعظم خود اعتراف کرتے ہیں ان کے چاروں طرف مافیاز ہیں ،مافیاز نے پی آئی اے ،واپڈا اور ریلوے سمیت قومی اداروں کو تباہ کیا،آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر حکومت و اپوزیشن سب ایک ہیں ،جس ملک کی معیشت تباہ ہوجائے اس کا جغرافیہ بھی محفوظ نہیں رہ سکتا۔ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال کر حکمران اور سیاسی لیڈر ایک دوسرے کو ذلیل کرنے کیلئے نئی نئی گالیاں ایجاد کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تنظیم تاجران پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ہونے والے تحفظ معیشت تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جس دن طیب اردگان کار فیکٹری کا افتتاح کر رہے تھے ہمارے وزیر اعظم مرغی اور کٹے کا اعلان کر رہے تھے۔