لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ حکومت کو ٹائیگر فورس ڈے مناتے شرم آنی چاہیے ،کورونا کے پانچ ماہ کے دوران عمران نیازی کا ایک بھی ٹائیگرنظر نہیں آیا اب یہ کس چیز کا جشن منا رہے ہیں؟،عمران نیازی کے ٹائیگر کورونا اور لاک ڈائون کی آڑ میں سبزی فروش اور میڈیکل سٹورز سے رشوت لیتے نظر آئے ،ٹائیگر فورس کے اہلکاروں کے رشوت لینے کے تین واقعات صرف لاہور میں سامنے آئے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بزدار صاحب خیبر پختوانخوا کا بلین ٹری منصوبہ بری طرح پٹ چکا ہے ،ملکی اور غیر ملکی میڈیا نے بلین ٹری میں خیبر پختوانخوا حکومت کی کرپشن بے نقاب کی ہے ،پرویز خٹک بلین ٹری منصوبے میں لمبی دیہاڑی لگاکر منظر عام سے غائب ہیں۔