• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ: کاروباری مراکز 8 اور ریسٹورنٹ رات 11 بجے تک کھولنے کی اجازت


حکومت سندھ نے کاروباری مراکز اور ریسٹورنٹس ہفتے میں چھ دن بالترتیب رات 8 بجے اور 11 بجے تک کھولنے کی اجازت دے ی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے فیصلوں کےتحت حکمنامہ جاری کر دیا، جس کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار کا اعلان کیا گیا ہے۔

ہفتے کے چھ روز تمام کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی، سندھ میں کاروباری اوقات کار صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک ہوں گے جبکہ ہفتے کے روز سندھ میں کاروباری سرگرمیاں رات نو بجے تک ہوسکیں گی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق سینما اور تھیٹرز پر عائد پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں جبکہ ہوٹلز ریسٹورنٹس میں بھی رات دس بجے تک سروس فراہم کی جاسکے گے اور ہفتے کی رات ریسٹورنٹس میں رات گیارہ بجے تک کھانا کھایا جا سکے گا۔

شادی ہالز اور تعلیمی ادارے 15ستمبر تک بند رہیں گے۔ جبکہ بیوٹی پارلرز، جم اور کھیل کےمیدانوں پر عائد پابندیاں اٹھالی گئیں۔

سندھ حکومت کے حکمنامے کے مطابق تمام کھیلوں کےمیدانوں میں مشروط سرگرمیوں کی اجازت ہو گی، شائقین کے بغیر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جاسکے گا۔

سیاحتی مقامات پر پابندیاں ختم کردی گئیں، ٹورازم ہوٹلز میں رہائش کی اجازت ہو گی۔

واضح رہے کہ ترجمان وزیرِ اعلیٰ ہاؤس نے کہا تھا کہ سندھ میں 10 اگست سے کاروباری، تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وفاقی وزیراسد عمرنے اعلان کیا تھا کہ دس اگست سے کاروبار کورونا لاک ڈاؤن سے پہلے کے اوقات کار کے مطابق کھولا جاسکے گا۔

عالمگیر وبا کورونا وائرس کے بعد ملک میں کاروباری، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی تھی جہاں سندھ حکومت نے 14 مارچ کو کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پابندیاں عائد کی تھیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کا کہنا تھا کہ آج سے تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں کی جاسکیں گی، جبکہ کاروباری اوقات کار بھی بڑھائے جائیں گے۔

ترجمان کے مطابق کاروباری پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ایس اوپیز کا نفاذ ہوگا جبکہ شادی ہالز و تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ آئندہ ماہ ہوگا۔

ضابطے پر عمل نہ کیا گیا تو محرم میں کیسز بڑھ سکتے ہیں، این سی او سی

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے خبردار کیا ہے کہ محرم الحرام میں کورونا سے متعلق ضابطہ اخلاق پر عمل نہ کرنے سے کیسز بڑھ سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ کورونا سے متعلق جامع پروٹوکول کے لیے علماء سے مدد لی جارہی ہے۔

ملک میں ایک روز کے دوران کورونا سے مزید پندرہ افراد انتقال کرگئے ، مزید 541 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

تازہ ترین