• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، 8 زخمیوں کی حالت نازک

چمن میں مال روڈ پر ہونے والے دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی جبکہ 21 زخمی ہیں، جن میں سے 8 کی حالت نازک ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال چمن میں آپریشن تھیٹر اور دیگر شعبے 5 ماہ سے کورونا وائرس کے باعث بند ہونے کی وجہ سے زخمیوں کے علاج میں مشکلات کا سامنا ہے۔

زخمیوں کو چمن سے کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق چمن کی مصروف شاہراہ مال روڈ پر دھماکا ہوا، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ متعدد موٹر سائیکلیں اور گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم آپریشن تھیٹر اور دیگر تمام شعبے 5 ماہ سے بند ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو علاج و معالجے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔

اسپتال میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ورثا نے احتجاج کیا، تاہم زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے مال روڈ کو سیل کرکے پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت بھی معطل کردی ہے۔

تازہ ترین