• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

قومی کھلاڑیوں کو اسکالر شپ دینے کا معاہدہ

پاکستانی کھلاڑی خواہ کسی بھی کھیل میں ملک کی نمائندگی کریں وہ ہمارے لئے باعث فخرہیں ملک کیلئے وکٹری اسٹینڈ پرمیڈلزاپنے سینے پر سجانے والے بیشتر کھلاڑیوں کا تعلق غریب یا متوسط گھرانہ سے ہوتا ہے اب اسے کھیل سے جنون کی حد تک لگاؤ کہیں یا تعلیمی اخراجات پورے کرنے کیلئے وسائل کی کمی بد قسمتی سے ہمارے یہاں دیگر ممالک کی بہ نسبت کھلاڑیوں میں شرح خواندگی کاتناسب کم پایا جاتا ہے۔ 

نتیجے میں نہ صرف کھیل کے میدان میں اپنا سنہرا وقت گذارنے کے بعد ہمارے کھلاڑیوں کو اپنے کھیل میں مکمل مہارت حاصل ہونے کے باوجودمطلوبہ تعلیمی قابلیت یا انگریزی زبان میں مکمل دسترس حاصل نہ ہونے کے باعث ملازمتوںکے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتاہے بلکہ کھیلوں سے متعلق بنائے گئے عالمی قوانین خصوصا ممنوعہ ادویات کے استعمال کے نقصانات سے لاعلمی نے ماضی میں ہمیں جیتے ہوئے میڈلزسے بھی محروم کردیا ہے ہے اس بات پر توہم سب متفق ہیں کہ کسی بھی کھیل کو پروان چڑھانے میں تعلیمی ادارے نمایاں اور کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ایک دور تھا جب اسکولز، کالجزاور یونیورسٹیز میں اسپورٹس کوٹے پر داخلے دئیے جاتے تھے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اسکالر شپ سے بھی نوازا جاتا تھا کرکٹ، ہاکی، فٹبال سمیت کئی کھیلوں میں اسکول و کالج سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا مگر بد قسمتی سے آج ہمارے ملک میں بچوں کو درسگاہوں میں کھیلوں کی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ 

تعلیمی اداروں میں گرائونڈ ز کی جگہ نئے بلاکس اور کیمپس نے لے لی ہے آج کے جدید دور میں کامیابی کیلئے کھیل میں مکمل عبور حاصل کرنے کے ساتھ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے موجودہ صورتحال میں ملک کے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اعلی تعلیم کی مفت سہولت فراہم کرنے کیلئے کراچی اسپورٹس فائونڈیشن اور نیوپورٹس انسیٹیوٹ آف کمیونیکیشن اینڈ ایکنومکس نے ایک انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے ہرسال دس مستحق اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سو فیصد اسکالرشپ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم بھی جاری رکھ سکیں اس اقدام کو یقینی طور پر ہمارے سسٹم کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا قراردیا جاسکتا ہے اس ضمن میں این آئی سی ای کی کو چیئرپرسن ہما بخاری اور کے ایس ایف کی سینیئر وائس پریذیڈنٹ تہمینہ آصف نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے معاہدے کے تحت کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کیجانب سے نامزد کردہ دس کھلاڑی ہرسال نیوپورٹس انسیٹیوٹ میں مفت تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ 

اس حوالے سے ہمابخاری کاکہنا تھا کہ کھیل کے میدانوں سے نئے ٹیلنٹ کی دریافت میں تعلیمی ادارے مرکزی کردارادا کرتے ہیں ماضی میں درسگاہوں زیر تعلیم باصلاحیت طلباء نے مختلف کھیلوں میں حصہ لے کر قومی اوربین الاقوامی سطح پرملک کی نمائندگی کی ہے ہماری خواہش ہے کہ کھیلوں سے وابستہ مستقبل کے ستاروں کو تعلیم کی روشنی کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں اس کے علاوہ ہم کے ایس ایف کے اشتراک سے اسکول،کالج اور یونیورسٹیز کی سطح پرکھیلوں کے زیادہ سے زیادہ ایونٹس منعقد کرائیں گے۔

تازہ ترین
تازہ ترین