• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ورلڈ اسنوکر چیمئین رواں سال نومبر سدمبر میں ہوگی

کھیلوں کے انعقاد کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئیں ہیں اور دنیا بھر میں کھیلوں کا آغاز تو ہوچکا ہے، لیکن اسٹیڈیم اور کورٹس تماشائیوں سے خالی ہیں ان میں فی الحال تماشائیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہے یہ سب کچھ کھلاڑیوں اور شائقین کی صحت اور ان کی حفاظت کیلئے کیا جارہا ہے۔ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے گزشتہ ساڑھے تین ماہ کے دوران کسی قسم کے کھیلوں کے مقابلے منعقد نہیں ہوئے لیکن اب آہستہ آہستہ انسانی زندگی کے رواں دواں ہونے پر کھیلوں کی تنظیمیں بھی متحرک ہونا شروع ہوگئیں ہیں۔ 

پہلے فٹ بال اور اس کے بعد کرکٹ کی سرگرمیاں عالمی سطح پر شروع ہوچکی ہیں۔ کھیلوں کی مختلف تنظیمیں اس وقت بھی حفظ ماتقدم کے تحت مقابلوں کے انعقاد سے احتراز کررہی ہیں اور ایونٹس رواں سال کے آخر میں یا اگلے سال سے شروع کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہیں۔ ورلڈ اسنوکر کے عہدیدار بھی اسنوکر کی سرگرمیاں شروع کرنا چاہتے ہیں اور ویڈیو لنکن کانفرنس میں انہوں نے بھی ورلڈ کپ اسنوکر چیمپئن شپ رواں سال نومبر دسمبر میں قطر (دوحا) میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ آئندہ ماہ کیا جائے اس کے علاوہ قطر رواں سال نومبر دسمبر میں ہونے والے متعدد انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔ اس بات کا اعلان انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ اسنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) کی وڈیو لنک کانفرنس میں کیا گیا۔ ٹیلی کانفرنس میں ایشین کنفیڈریشن بلیرڈ اینڈ اسپورٹس کے سینئر نائب صدر عالمگیر شیخ کے علاوہ اے سی بی ایس کے صدر محمد مبارک، نائب صدر جم لیسی، جنرل سیکرٹری مچیلے الخورے، ایگزیکٹو ممبرز مسٹر فراینک، سائمن استمھ اور مسٹر اجے نے شرکت کی۔ ویڈیو کانفرنس میں طے ہوا کہ اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ رواں سال نومبر میں ہوگی لیکن اس سے پہلے دیگر ممالک کے درمیان فلائٹس کھلنے کا جائزہ لیا جائے۔ ایونٹ میں ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ آئندہ ماہ تک ہوگا۔

قطر رواں سال نومبر دسمبر میں کئی انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ ورلڈ اسنوکر مینز ویمنز اور ماسٹر چیمپئن شپ نومبر دسمبر دوحہ میں ہوگی جبکہ ورلڈ بلیرڈ چیمپئن شپ کی میزبانی بھی قطر ہی کرے گا۔ آئی بی ایس ایف ٹیم اور سکس ریڈ بال چیمپئن شپ دبئی سے قطر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قطر اسی سال ورلڈ انڈر 18اور ورلڈ انڈر 21کی بھی میزبانی کرے گا۔ رواں سال نومبر دسمبر میں آئی بی ایس ایف کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا جس میں آئی بی ایس ایف کے الیکشن2020 بھی ہوں گے۔ آئندہ سال ورلڈ انڈر18 اور ورلڈ انڈر21 کی میزبانی کی پیشکش آسٹریلیا اور روس نے کی ہیں۔ 

آئی بی ایس ایف کی آئندہ وڈیو کانفرنس پندرہ اگست کو ہوگی۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن کے کوچیئرمین عالمگیر شیخ نے کا کہنا ہے کہ ورلڈ اسنوکر بورڈ میٹنگ جوکہ بذریعہ زوم وڈیو کانفرنس گزشتہ ہفتہ ہوئی بڑی کامیاب رہی ہے اس میٹنگ میں مستقبل کے انٹریشنل ٹورنامنٹ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت بھی ہوئی اور ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا چونکہ یہ اسنوکر کا ایک بڑا ایونٹ ہے اس لئے اس کے انعقاد پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ورلڈ کپ اسنوکر چیمپئن شپ 2020 ء دوحا قطر میں ہوگی اس کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ ٹیم ایونٹ، ورلڈ کپ انڈر21 ایونٹس کی منظوری دی گئی جن کا انعقاد نومبر و دسمبر 2020ء میں دوحا قطر میں ہوگا ان تمام ایونٹس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ 

عالمی سرکٹ میں اسنوکر کے مقابلے کبھی بھی اتنے گیپ سے نہیں ہوئے لیکن کیا کریں کرونا وائرس نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا تھا اور لاکھوں افراد کی جان نگل گیا اس وباء سے کھلاڑیوں کو بچانے کیلئے دنیا بھر میں تمام کھیلوں کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کردی گئی تھی۔ پاکستان اسنوکر فیڈریشن، پاکستان اسپورٹس بورڈ کی معاونت سے مستقبل میں ہونے والے تمام انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ 

ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں محمد آصف اپنے ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ محمد آصف اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا کھلاڑی ہے جس نے دو بار عالمی کپ جیت کر پاکستان کی نئی تاریخ رقم کی ہے، اس نے ایشین چیمپئن شپ، ٹیم ایونٹ اور بے تحاشہ انٹرنیشنل مقابلوں میں فتح حاصل کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ محمد آصف کے کروڑں روپے اسپورٹس پالیسی کے تحت حکومت کو دینے ہیں لیکن ہر بار پیسوں کی ادائیگی کا کہہ پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسو سی ایشن اور محمد آصف کو ٹہلا دیا جاتا ہے۔ 

جوبلی انشورنس اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت کر تین مسلسل قومی ایونٹ جیتنے والے محمد آصف نے آخری ایونٹ کے دوران جن جذبات کا اظہار کیا تھا اس سے ہمیں بہت افسوس ہوا تھا۔ ایک ایسا کھلاڑی جو ملکی اور عالمی سطح پر بڑے بڑے اعزازات حاصل کررہا وہ انعامی رقم سے محروم ہے؟ ایسو سی ایشن نے بار بار حکومت سے کہا کہ آصف کو ایک کروڑ نہیں تو پچاس لاکھ یا پچیس لاکھ روپے دے دیں جو رہ جائیں گے اس کا حساب کتاب کرلیں وہ بعد میں دے دیں۔ پاکستان اسنوکر فیڈریشن محمد آصف کی انعامی رقم کیلئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ساتھ متواتر رابطے میں ہے۔ اسی سلسلے میں وزیراعظم پاکستان کو خطوط ارسال کئے گئے ہیں۔ امید ہے کہ محمد آصف کو جلد ان کی انعامی رقم موصول ہوجائے گی۔ 

عالمگیر شیخ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان میں بھی کرونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل تھیں ہمارے اسنوکر ایونٹس بھی اسی بناء پر نہیں ہوسکے لیکن اب حالات بہتر ہوتے جارہے ہیں اور جیسے ہی کرونا وائرس سے حالات بہتر ہوں گے پاکستان اسنوکر فیڈریشن ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے لائحہ عمل طے کرے گی اور ان کا فوری انعقاد ممکن ہوسکے گا۔ مستقبل میں پاکستان میں ہونے والے ایونٹس میں سیکنڈ رینکنگ ٹورنامنٹ، نیشنل بینک آف پاکستان اور تھرڈ رینکنگ ٹورنامنٹ جوبلی انشورنس ٹرافی منعقد ہوگی اس کے بعد نومبر و دسمبر میں بین الصوبائی کپ 2020 ء کا انعقاد کیا جائے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین