• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سزا میں کمی نامنظور، کرکٹ بورڈ عمر اکمل کو سبق سکھائے گا، کھیلوں کی عالمی عدالت میں اپیل کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر متنازع ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل کو نشان عبرت بنانے کے لئے ان پر عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان میں قائم کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

عام طور پر ایسی روایت نہیں ہے لیکن پی سی بی عمر اکمل کو سبق سکھانے کےلئے عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی سی بی کو عمر اکمل جیسے قدآور کرکٹر پر پابندی عائد کرتے ہوئے کوئی فخر نہیں ہوتا، لیکن ایک معتبر اور قابل احترام ادارے کی حیثیت سے ہمیں اپنے تمام اسٹیک ہولڈرزکو ایک واضح پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے کہ ایسے کسی شخص سے ہمدردری کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا جو قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرے گا۔

پیر کو ہونے والی پیش رفت میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ وہ پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کرے گا۔ یہ فیصلہ انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹرکی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے، جس کے مطابق ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عمر اکمل پر عائد پابندی کو 36 ماہ سے کم کرکے 18 ماہ تک محدود کیا گیا۔

پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 7.5.4 کے تحت انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے پر اپیل صرف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں ہی کی جاسکتی ہے۔میڈیا ریلیز کے مطابق پی سی بی انسداد بدعنوانی سے متعلق معاملات کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے اور وہ اس حوالے سے اپنی عدم برداشت کی پالیسی کو برقرار رکھے ہوئےہیں۔

تازہ ترین