• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کا کےالیکٹرک کیخلاف فوری کارروائی کا حکم

کراچی (این این آئی، جنگ نیوز) چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ کراچی میں بجلی بحران بدترین ہوچکا ، روز لوگ مر رہے ہیں نیپرا کچھ نہیں کر رہی، چیف جسٹس نےکے الیکٹرک کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے ڈائریکٹرز کو گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے اور کے الیکٹرک کی پوری انتظامیہ کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔ 

بل بورڈز گرنے کے معاملے کے ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے کراچی میں لوڈشیڈنگ اور کے الیکٹرک کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے سی ای او کی طلب کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے۔ 

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کراچی کو بنانے والا کوئی نہیں ہے، لوگ آتے ہیں جیب بھر کر چلے جاتے ہیں، کے الیکٹرک والے بھی یہاں مزے کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکم دیا کہ کے الیکٹرک کی پوری انتظامیہ کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے، ہم حکم نامہ بھی جاری کریں گے۔

چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ 8 ، 10 لوگ کرنٹ لگنے سے مر جاتے ہیں لیکن نیپرا کچھ نہیں کررہی اور نہ کسی کی اتنی ہمت کہ وہ کراچی کی بجلی بند کرے، چوڑیاں پہنی ہیں سب نے کیوں کہ ان کا پیسہ کھاتے ہیں۔

ہر فرد جو جاں بحق ہوتا ہے اس کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے اور کے الیکٹرک کے ڈائریکٹرز کو گرفتار کیا جائے اور انہیں جیل بھیجا جائے۔

تازہ ترین