مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز رشید کہتے ہیں کہ مریم نواز کو نواز شریف کی بیٹی ہونے کی وجہ سے مجرم بنا دیا گیا ہے۔
نون لیگی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی آج نیب میں طلبی کے موقع پر پرویز رشید رائے ونڈ پہنچ گئے۔
اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز شریف نے پہلے بھی چیلنجز قبول کیے ہیں اور وہ اب بھی کریں گی۔
پرویز رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم نواز چیلنجز سے گھبراتی نہیں ہیں، انہیں گرفتار کیا گیا تو اب بھی بہادری سے مقابلہ کریں گی۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مریم نواز کو رائے ونڈ میں خلافِ قانون اور خلافِ ضابطہ اراضی انتہائی سستے داموں خریدنے کے الزام میں انکوائری کے لیے آج طلب کر رکھا ہے۔
مریم نواز آج صبح 11 بجے نیب کے روبرو پیش ہو کر اپنا مؤقف پیش کریں گی۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
مریم نواز کو خاموشی کا طعنہ دینا مناسب نہیں، پرویز رشید
نیب ذرائع کے مطابق مریم نواز کے نام 1 ہزار 440 کنال زمین 2013ء میں منتقل ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق نیب کا کہنا ہے کہ زمین کی منتقلی میں ایل ڈی اے کے قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا، شریف فیملی کی اراضی کے ارد گرد تعمیرات کو روکنے کے لیے اراضی کو گرین لینڈ قرار دیا گیا تھا۔
انکوائری میں سابق ڈی سی لاہور نور الامین مینگل اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کو بھی طلب کیے جانے کا امکان ہے۔