قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو پراپرٹی الاٹمنٹ کیس میں 11 اگست کو طلب کیا ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق مریم نواز کے خلاف رائیونڈ میں 200 ایکڑ کی سرکاری زمین الاٹ کرانے کا الزام ہے۔
نیب کاکہنا ہے کہ یہ اراضی 2013 ء میں مریم نواز کے نام الاٹ کرائی گئی تھی اور پراپرٹی الاٹمنٹ کا کیس ڈی سی نورالامین مینگل کے دور میں پراسس کیا گیا۔
نیب ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے دور میں یہ پراپرٹی ٹرانسفر کی گئی۔
دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت کی جانب سے آج رمضان شوگر ملزکیس میں مریم نواز کے چچا اور مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز پر فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔