راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے)مری روڈ پر پارکنگ پر پابندی کے خلاف کمیٹی چوک تا وارث خان کے علاقہ کے تاجروں نے منگل کو ٹریفک پولیس کے فیصلے پر احتجاج کیا اورعلامتی ہڑتال کی۔جس کے باعث مری روڈ پر ٹریفک اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔انجمن تاجران مری روڈ کے صدر عبدالوحید پراچہ کی قیادت میں تاجروں نے احتجاج کیا۔واضح رہے کہ ٹریفک پولیس راولپنڈی نے مری روڈ پر ٹریفک رش کم کرنے کیلئے کمیٹی چوک تا وارث خان کے علاقے میں مری روڈ پر ہر قسم کی پارکنگ پر پابندی لگادی ہے۔جس کے خلاف تاجروں نے ہڑتال کی اور احتجاج کیا۔کمیٹی چوک تا وارث خان کے علاقے میں زیادہ تر کراکری،پلاسٹک و لکڑی کے فرنیچر بنانے والے اور مٹھائی اور کھانے پینے والوں کی دکانیں ہیں،تاجروں کا کہنا ہے کہ پارکنگ پر پابندی سے ان کا کاروبار تباہ ہوجائے گا۔پہلے ہی ایک سال سے زیادہ میٹرو منصوبہ کے باعث مری روڈ کی بندش سے تاجروں کو ناقابل تلافی مالی نقصان ہوچکا ہے۔اب کچھ کارروباری سرگرمیاں شروع ہوئی ہیں تو ٹریفک پولیس نے مسائل پیدا کردئیے ہیں۔تاجروں نے میٹرو منصوبہ کیلئے جو قربانیاں دی ہیں۔اس کا صلہ ہمیں کاروبار بند کرنے کی صورت میں دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس اپنی نااہلی کی سزا تاجروں اور عوام کو نہ دے۔