• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا تنویر موقع پر نہیں تھے تو ان کا نام نہیں آنا چاہیے تھا، شاہ محمود

وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ اگر رانا تنویر موقع پر نہیں تھے تو ان کا نام نہیں آنا چاہیے تھا، لوگ جاننا چاہیں گے کہ یک دم گاڑیوں میں پتھر کہاں سے نمودار ہوئے۔

قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دو الگ نقطہ نظر ہیں، ہم اس وقت ایوان کا ماحول خراب نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ قانون سازی میں توازن ہونا چاہیے، مشترکہ عزم ہونا چاہیے کہ ٹیرر فنانسگ کا مقابلہ کرنا ہے، منی لانڈرنگ ایسی وبا ہے جو اس ملک میں رہی اور بہت سے لوگوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ ہمیں یہ قانون سازی بجائے ایف اے ٹی ایف کے خود کرنی چاہیے تھی، یہ ہمارے مفاد میں ہے۔

اپوزیشن ارکان اسمبلی نے شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران کہا کہ یہ غلط بول رہے ہیں۔

جس پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ کیا غلط کہا ہے میں نے؟ جب اتفاق ہوگیا تو اس پر قانون سازی کریں، پھر نادان دوستوں کو ماحول خراب کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر زیادتی ہوئی تو اس کا تدارک ہونا چاہیے، لاہور واقعے پر 2 نقطۂ نظر ہیں جس پر تفصیلی بحث ہونی چاہیے، قانون سازی میں توازن ہونا چاہیے، ٹیرر فنانسنگ ایک لعنت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ منی لانڈرنگ ایک وباء ہے جو ملک میں رہی ہے، ہمیں اس کا تدارک کرنا ہے، اپوزیشن کی مثبت ترامیم کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان کا ایک حصہ کہتا تھا کہ بلوں کا حصہ نہیں بنیں گے جب تک نیب قوانین میں تبدیلی نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیئے: شاہ محمود اور امریکی نائب وزیرِ خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ

اس موقع پر آغا رفیع الدین نے ایوان میں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی جھوٹ بول رہے ہیں۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ایک طرف نوید قمر جیسے میچیور سیاستدان ہیں، دوسری طرف امچیور ممبران ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی سمبلی اور سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسپیکر آپ اتفاقِ رائے پیدا کرنے کیلئےاجلاس بلاتے ہیں، پھر کوئی وزیر آ کر ماحول خراب کر دیتے ہیں، یہ کسی کو حق نہیں کہ کسی معزز ممبر کے بارے میں ایسی بات کی جائے۔

جس پر شاہ محمود قریشی بولے کہ اگر میری بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں الفاظ واپس لے لیتا ہوں۔

تازہ ترین