مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ کل کے واقعے سے حکومت کی بزدلی اور بوکھلاہٹ واضح ہوگئی، ہماری روایات میں خواتین کے احترام کا درس دیا جاتا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت میں ہمت ہے تو کھل کر ہم سے اسمبلی کے اندر بات کرے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی ہتھکنڈوں سے مریم نواز اور مسلم لیگ ن کے کارکن پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے و پرامن رکھنے کا کام کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے خلاف سازش اور دھاندلی کی گئی۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ عمران خان نے قوم کا بیڑہ غرق اور خارجہ پالیسی کا ستیاناس کر دیا،حکومت نے ایم ایل ون ریلوے منصوبے کو طورخم کی بجائے پشاور تک رکھا ، ہم نے گلگت دیر چترال روڈ منظور کروایا تھا آج حکومت کے پاس جواب نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پوری دنیا میں لطیفہ بن گیا ہے ،ہمیں جنگلا بس کا طعنہ دینے والا وزیراعظم کل میٹرو بس کے قصیدے پڑھے گا ۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملتان اورپنڈی میٹرو سے زیادہ مہنگی بی آر ٹی بنائی گئی ہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی کے ذریعے قوم کے سامنے لائحہ عمل پیش کریں گی،مزید حکومت کو برداشت کرنا قوم کی سلامتی کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے منصفانہ الیکشن کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی گروہ بندی نہیں نواز شریف کے فلسفے کے تحت پارٹی متحد ہے،جبکہ مسلم لیگ و پیپلز پارٹی علیحدہ ضرور ہیں لیکن جمہوریت کے لیے کوشش کرتی ہیں۔